بھٹکل: 4؍نومبر (ایس او نیوز) تعلیم کا مقصد صرف معلومات حاصل کرنا نہیں بلکہ شعور کا حصول ہے۔ تعلیم سے ہی تہذیب بنتی ہے۔پہلے کسی کی تہذیب ،چال چلن ، رکھ رکھاؤ سے ہی پتہ چلتا تھاکہ وہ تعلیم یافتہ شخص ہے لیکن آج کل کے طلبا تعلیم تو حاصل کرتے ہیں لیکن ان میں اخلاق نہیں ہونے سے تہذیب پامال ہوتی جارہی ہے۔ بھٹکل میں محکمہ اقلیتی بہبود کے توسیعی افسر شمس الدین شیخ نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
وہ یہاں انجمن کالج آف ایجوکیشن بھٹکل کے زیراہتمام دوروزہ شہری تربیتی کیمپ کے دوسرے دن کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ موصوف نے کا لج میں زیر تعلیم بی ایڈ کے طلبا کو خصوصی طورپر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج آپ یہاں تعلیم حاصل کررہے ہیں آئندہ ایک استاد جیسے مقدس فرض کو ادا کرنے والے ہیں تو سب سے پہلے ایک بہتر اور بااخلاق انسان بنیں ، نفسیاتی اور ماحولیاتی علم پر خاص توجہ دیں کیونکہ تدریس میں یہ بڑے کارگر ہوتے ہیں اور اپنے فرض کے ذریعے تمہیں ملک کے مستقبل کے شہریوں کو تیار کرنے کی اہم ذمہ داری تم پر ہے تو ہمیں ایک مثالی شہری بننا لازمی ہوجاتاہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے محکمہ اقلیتی بہبود کی طرف سے شعبہ تعلیم کو دی جانے والی سہولیات، وظائف اور اسکیموں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ محکمہ کی بہت ساری اسکیمیں تعلیمی امداد کی ہیں۔ سرکار کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کی تعمیر میں جڑنے کی بات کہی۔ کالج بورڈ سکریٹری آفتاب قمری نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔ کالج پرنسپال ڈاکٹر زکیہ زرزری نے کیمپ کی رپورٹ پیش کی۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے نائب صدر سید عبدالرحمن باطن نے پروگرام کی صدارت کی۔
تقریب کا آغازبی ایڈ فسٹ ائیر کی طالبہ مہناز کی تلاوت قرآن سے ہواتو فسٹ ائیر کی طالبہ ہدیٰ نے ترجمہ پیش کیا۔فسٹ ائیر کی ہی شائنہ نے استقبال کیا۔ فسٹ ائیر کی طالبہ غزالہ اور ساتھیوں نے استقبالیہ ترانہ پیش کیا۔فسٹ ائیر کی طالبہ صباح نے شکریہ اداکیا۔